ویب ڈیسک: کوہستان میں مبینہ کرپشن سکینڈل میں ملوث ملزمان کے اثاثے منجمند کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی، اس حوالے سے نیب نے احتساب عدالت میں درخواستیں دائر کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج رجب علی نے تمام درخواستیں یکجا کرکے سماعت 22 مئی تک ملتوی کردی، نیب پراسیکوٹر حبیب اللہ بیگ نے عدالت کو بتایا کہ نیب خیبر پختونخوا کوہستان سکینڈل کی انکوائری کر رہی ہے، اس میں ملوث ملزموں کی بہت سے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے نکل رہے ہیں۔
نیب پراسیکوٹر کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا نے اس ضمن میں ملزموں کی اثاثے منجمند کرنے کا حکم دیا ہے، نیب قانون کے سیکشن 12 کے تحت نیب کے احکامات کی توثیق عدالت سے ضروری ہے، نیب نے ملوث ملزموں کی اثاثے منجمند کرنے کے لیے مختلف درخواستیں دائر کی ہیں۔
نیب کی جانب سے بتایا گیا کہ کوہستان میں بہت بڑا مالیاتی سکنڈل سامنے آیا ہے، جس کی تحقیقات ہو رہی ہیں، دوسری طرف صوبائی حکومت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ذریعے معاملہ کی نگرانی کر رہی ہے۔ یاد رہے کوہستان میں مبینہ کرپشن سکینڈل میں ملوث ملزمان کے اثاثے منجمند کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی، اس حوالے سے نیب نے احتساب عدالت میں درخواستیں دائر کر دی ہیں۔
