ویب ڈیسک: گزشتہ شب چلنے والی طوفانی ہواوں نے صوبہ بھر میں تباہی مچا دی، ان ہواوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 3افراد جاں بحق جبکہ 21 افراد زخمی ہو گئے۔ طوفانی ہواوں نے مردان اور نوشہرہ میں تباہی مچا دی، اس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائِی دارالحکومت پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں شدیدگرمی کے بعد آندھی وطوفان کے باعث درخت اور دیواریں گرنے سے ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 21 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ اندرون شہر پرانی سبزی منڈی میں پیپل کا درخت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے ہیں، پولیس کے مطابق سبزی منڈی میں جاں بحق ہونے والوں میں جوانسالہ یونس اور سید الرحمان شامل ہیں، آندھی وطوفان سے لوگوں کی املاک ،گاڑیوں اور رکشوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پشاور میں آندھی اورطوفان کے باعث اب تک افغان کالونی،اسد انورکالونی،رانو گھڑی میں چھت و دیوار گرنے اور سول کوارٹر، بیگم شہاب الدین گرلز سکول تحصیل کے قریب درخت گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، رانو گھڑی میں خانہ بدوش 6 سالہ بچے پر دیوار گر گئی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ افغان کالونی اور بیگم شہاب الدین گرلز سکول تحصیل کے قریب درخت گرنے کے نتیجہ میں 2خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔
دوسری جانب گرے ہوئے درختوں کو ہٹانے کے لیے ڈیزاسٹر ٹیموں نے آپریشن کیا، ضلع چارسدہ میں چھت گرنے سے 10 سالہ بچہ زخمی ہوگیا جبکہ نوشہرہ میں 2 مقامات پر دیوار گرنے سے 3 افراد جبکہ درخت گرنے سے 2 موٹرسائیکل سوارزخمی ہوگئے ہیں، نوشہرہ کے علاقے زنڈو بانڈہ میں شدید آندھی کی وجہ سے مدرسہ کی دوسری منزل کی چار دیواری گرنے سے مدرسہ کے دو طلباء شدید زخمی اور ایک بکری ہلاک ہوگئی۔
زنڈو بانڈہ میں مدرسہ عبداللہ بن مسعود کی دوسری منزل کی چار دیواری مدرسہ کے ساتھ واقع بیٹھک اور مال مویشی کے برآمدے پر آگری جس کی وجہ سے بیٹھک میں موجود دو مدرسے کی طلباء عدنان اور حذیفہ شدید زخمی ہوگئے، علاقے کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت بیٹھک اور برآمدے کا ملبہ ہٹا کر دونوں طلباء کو شدید زخمی حالت میں قاضی میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ منتقل کیا۔
اسی طرح نوشہرہ میں طوفان کی وجہ سے مختلف علاقوں میں دیواریں گرنے سے خاتون سمیت4 افراد شدیدزخمی ہوگئے ،زخمی ہونے والے 4افرادکو قاضی میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیاہے۔
آندھی وطوفان سے پشاور سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی جو رات گئے تک بحال نہیں کی جاسکی تھی، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی حکام کے مطابق طوفانی ہوائوں کے باعث 110فیڈرز ٹرپ ہوئے جس سے بجلی کا نظام متاثر ہوا۔
ذرائع کے مطابق سہ پہر کے بعد اچانک تیز ہواؤں سے متعدد درخت اور بل بورڈز گرنے کی اطلاعات موصول ہونے لگیں، پشاور میں ہوائوں کی رفتار 70سے80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، طوفان نے صوبے کے متعدد علاقوں میں درختوں کو جڑ سے اکھاڑ دیا جس سے سڑکیں بند ہوگئیں اور ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا۔
دوسری طرف طوفانی ہواؤں کی وجہ سے فصلوں،سبزیوں اور پھلوں کے باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے، پشاور شہر کے مختلف علاقوں میں دکانوں کے سائن بورڈز اور ہوٹلوں کے بینرز ہوا میں اڑتے نظر آئے جس سے عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، اس سلسلے میں محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے بھی اسی طرح کے موسمی حالات کا سامنا ہو سکتا ہے جس کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر مردان اور صوابی میں بھی آندھی اور طوفان سے شہر میں نظام زندگی مفلوج ہوگیا،طوفانی ہواں سے دونوںشہروں میںبجلی کی سپلائی معطل رہی جو رات گئے تک بحال نہیں کی جاسکی۔ضلع مردان میں گزشتہ شب تیز ہواؤں اور طوفان کے باعث خواتین سمیت تین افراد زخمی ہو گئے، ریسکیو نے تین مختلف جگہوں پر حادثات کی اطلاع ملنے پر فوری ایکشن لیا۔
مردان کے علاقے اکبر آباد میں دروازہ گرنے سے 65 سالہ خاتون زوجہ محمد اکبر جبکہ دیوار گرنے سے 45 سالہ طیب شاہ شدید زخمی ہو گئے، دوسری طرف سلیم خان منجوروں کلے میں بھی دیوار گرنے کا واقعہ رونما ہوا ، جس سے 55 سالہ خاتون زوجہ محمد عمران شدید زخمی ہو گئیں۔ ریسکیو ٹیم نے فوروی جائے وقوعہ پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے ایم ایم سی ہسپتال منتقل کر دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب چلنے والی طوفانی ہواوں نے صوبہ بھر میں تباہی مچا دی، ان ہواوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 3افراد جاں بحق جبکہ 21 افراد زخمی ہو گئے۔
