آپریشن بنیان مرصوص کے بعد عالمی سطح پر جس طرح پاکستان کی پزیرائی کی جا رہی ہے اور پاکستان کی کامیابیوں کے نہ صرف گن گائے جا رہے ہیں بلکہ دنیا کی نظریں پاکستان کے حوالے سے اس غلط مفروضے کے سحر سے باہر آنے اور اس کی تعریف پر جمی ہوئی ہے جو پاکستان کو ایک کمزور ملک کے حوالے سے قائم کیا گیا تھا، اس کا سہرا نہ صرف افواج پاکستان کی جنگ حکمت عملی ،اس کی کامیابیوں بلکہ پاکستانی قوم کی یکجہتی اور اتحاد و اتفاق کے سر ہے، ایک جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکتا، پاکستانی ایک ذہین قوم ہے ،وہ حیرت انگیز اشیاء بناتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاک بھارت ایٹمی جنگ کے قریب تھے ،جنگ بندی کرانے پر سب نے سراہا، میں پاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکتا، ادھر ایک امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے آپریشن بنیان مرصوص کو پاکستانی مسلح افواج کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ بھارتی جارحیت کے منہ توڑ جواب کے بعد جنرل عاصم منیر قومی نجات دہندہ کے طور پر ابھرے، نیویارک ٹائمز نے بنیان مرصوص کے حوالے سے ایک مضمون میں کہا ہے کہ پاکستان طویل عرصے سے سیاسی ،اقتصادی اور سلامتی کے بحرانوں میں گھرا ہوا تھا لیکن بھارتی جارحیت کیخلاف آپریشن بنیان مرصوص میں بڑی فتح نے سب بدل کر رکھ دیا، امریکی اخبار کے مطابق بھارت کیساتھ جھڑپ میں کامیابی سے پاکستان کی مسلح افواج کے وقار میں مزید اضافہ ہوا، دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ تنازعہ نے عوامی جذبات میں تبدیلی کی لہر پیدا کی ،نیویارک ٹائمز نے مزید لکھا کہ پاک فضائیہ نے آپریشن میں بھارتی لڑاکا طیاروں کو زمین بوس کر کے سب کو حیران کر دیا، مضمون میں آگے چل کر کہا گیا ہے کہ اس قسم کی فتوحات فوج کی پیشہ ورانہ طاقت کو سیاسی اثر ورسوخ سے زیادہ تقویت دیتی ہیں، ادھر برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے فریقین پر زور دیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر قائم رہیں، اسلام آباد میں اپنے دو روزہ دورے کے اختتام پر خبر رساں ادارے رائٹرز کو انٹرویو میں ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ ہم تمام فریقین پر زور دیں گے کہ وہ اپنے معاہدہ جاتی وعدوں کو پورا کریں ،برطانوی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ امریکہ کیساتھ ملکر اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کام کر رہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی برقرار رہے ،ایک جانب عالمی سطح پر بھارت کے پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی حرکتوں کو” حماقت ” سے تشبیہ دی جا رہی ہے جس میں اسے نہ صرف منہ کی کھانا پڑی، اس کے جنگی جنون کو پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے خاک چاٹنے پر مجبور کر کے اسے سبق سکھا دیا اور اس کی افواج اور ایمونیشن کی عددی برتری کے باوجود جس طرح تباہی و بربادی میں مبتلا کر دیا ،اس سے ابھی تک اس نے شاید کوئی سبق سیکھنے کی کوشش نہیں کی اور اس کے جنگ باز لیڈر بڑیںہانک کر نہ صرف اپنے زخم چاٹنے پر مجبور ہونے کے باوجود اپنی قوم کو طفل تسلیاں دے رہے ہیں اور بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا ہے کہ آپریشن سیندور ٹریلر تھا پوری فلم وقت پر دکھائیں گے، اس صورتحال کو اگر ایک جانب کھسیانی بلی کھمبا نوچے سے تشبیہ دی جا سکتی ہے، تو دوسری جانب اسے اس” دم” کا نام بھی دیا جا سکتا ہے جو کھمبے میں سو سال تک رکھنے کے باوجود ٹیڑھی کی ٹیڑھی ہی رہتی ہے، دراصل راج ناتھ سنگھ اور دوسرے بی جے پی رہنماؤں کو بشمول وزیراعظم نریندر سنگھ مودی ایک ایسی اندرونی سیاسی صورتحال کا سامنا ہے جس پر بھارتی حزب اختلاف کی جماعتوں نے ان کی ناک میں دم کر رکھا ہے ،ریاست بہار میں عنقریب ہونیوالے چناؤ میں بی جے پی کو جس انتخابی شکست سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے،اور وہاں سیاسی حالات پر بھارت کے پاکستان کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کی وجہ سے جو اثرات مرتب ہونے کے خطرات بی جے پی کے سر پر منڈلا رہے ہیں، ان سے گلو خلاصی کیلئے ایک جانب وہ پاک بھارت جھڑپ کو” ٹریلر” قرار دیکر پوری فلم وقت پر دکھانے کی باتیں کر رہے ہیں جبکہ سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کیساتھ مذاکرات اور کشمیر کے مسئلے پر گفت و شنید سے بھاگنے کے حوالے سے جو بیانات دے رہے ہیں دراصل یہ سب کچھ ریاست بہار کے انتخابی معرکے کے پس منظر میں کیا جا رہا ہے، مگر بھارتی حزب اختلاف کی جماعتوں نے جس طرح بی جے پی کے رہنماؤں کو نکیل ڈالتے ہوئے ان کے گرد سیاسی حصار تنگ کرنا شروع کر رکھا ہے اس کے بعد نریندر مودی اور حکمران جماعت کے دیگر رہنماؤں کو پانی میں خنجر کا عکس صاف نظر آرہا ہے، اس لئے وہ بھارتی عوام کو طفل تسلیاں دینے اور انہیں ٹرک کی لال بتی کے پیچھے لگا کر اپنا الو سیدھا کرنے کی سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں، جبکہ بھارت سے ملنے والی اطلاعات اس کے برعکس صورتحال کی نشاندہی کر رہی ہیں ،جہاں نریندر مودی سے مستعفی ہونے کے مطالبات زور پکڑ رہے ہیں ،پھر بھی اگر بھارتی حکمرانوں کو” پوری فلم ” دکھانے کی ہوس اور خواہش ہے تو یہ خواہش بھی پوری کر دیکھیں ،پاکستانی افواج اور قوم ان کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔
