ویب ڈیسک: صوبائی محکمہ صحت کی چابکدستی، ریٹائرڈ ہیلتھ اہلکار کا نام ترقی کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کی گئی سینارٹی لسٹ میں ایک ریٹائرڈ افسر کا نام بھی شامل کیا گیا ہے، جس نے ملازمین کی ترقی کے عمل پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ صحت نے سپرنٹنڈنٹ کی اسسٹنٹ کے عہدے پر ترقی کیلئے سینارٹی لسٹ میں محمد قریش نامی اہلکار کا نام 19ویں نمبر پر موجود ہے حالانکہ وہ 2019 میں ریٹائر ہو چکے ہیں ، محکمے نے ان کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن 10 جون 2019 کو جاری کیا تھا تاہم چار سال گزرنے کے باوجود محکمہ صحت نے ان کا نام سینارٹی لسٹ سے خارج نہیں کیا جس کی وجہ سے دیگر اہل ملازمین کی ترقی متاثر ہو سکتی ہے۔
اس واقعے نے محکمے کے ملازمین میں شدید غم و غصہ پیدا کیا ہے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک ملازم نے بتایاکہ یہ انتظامی غفلت ہے جو ملازمین کی ترقیوں کو روک رہی ہے، اگر ریٹائر ہونے والے افسر کا نام لسٹ میں موجود رہے گا تو ترقی کیسے ہوگی، دوسری جانب معاملے کی سنگینی کے باوجود محکمہ صحت کی انتظامیہ کی جانب سے کوئی واضح وضاحت سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ صوبائی محکمہ صحت نے کمال پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریٹائرڈ ہیلتھ اہلکار کا نام ترقی کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔
