ضلع کرم میں امن قائم ہو

وزیراعلیٰ کی کوششیں کامیاب، ضلع کرم میں امن قائم ہو چکا ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کی کوششیں کامیاب ہوئی ہیں، اور ان ہی کی کوششوں سے ضلع کرم میں امن قائم ہو چکا ہے، اور علاقہ بھی بنکروں اور اسلحے سے پاک کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر دونوں فریقین کے تقریباً 979 بنکرتباہ کئے گئے ہیں، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ 86 دیہات کو غیر مسلح کر کے اسلحہ اور گولہ بارود سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے، فریقین کے درمیان کشیدگی کی بڑی وجہ یہی بنکرز اور اسلحہ تھے۔
صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ کشیدگی کے دوران وزیراعلیٰ نے اپنا ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں کیلئے مختص کر دیا تھا، اس دوران ہیلی کاپٹر کی 338 پروازوں کے ذریعے 29ہشاور 140 کلوگرام ادویات متاثرہ علاقے تک پہنچائی گئیں، مریضوں سمیت 9290 افراد کو محفوظ طریقے سے پشاور اور دیگر علاقوں میں منتقل کیا گیا، علاقے میں اب ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جہاں ایک طرف وزیراعلیٰ کی کوششیں کامیاب ہوئِیں اور ضلع کرم میں امن قائم ہو چکا ہے، وہیں دوسری طرف ٹل پاراچنار روڈ کی مرمت کیلئے 10 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 اعشاریہ 6 ارب روپے کی لاگت سے سڑک کی توسیع کا منصوبہ جاری ہے، بازاروں کی تزئین وآرائش کے 728 ملین روپے کے منصوبے میں سے 300 ملین سے زائد خرچ کئے جا چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ایبٹ آباد: شملہ پہاڑی میں جھولے سے گر کر شہری جاں بحق