ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی حکومت یا اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کرنے سمیت کسی بھی پس پردہ رابطوں کی تردید سامنے آ گئی، اس سے قبل رابطوں کے حوالے سے کہا جانے لگا تھا لیکن شیخ وقاص اکرم نے معاملہ کلیئر کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی حلقوں میں گردش کرتی افواہوں کے باوجود تحریک انصاف کو اب تک کسی رعایت یا ڈیل کی پیشکش نہیں کی گئی، اس وقت پی ٹی آئی کی حکومت یا اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت ہو رہی ہے نہ ہی پس پردہ کوئی رابطہ ہے۔
انہوں نے عمران خان کی اڈیالہ جیل میں اسٹیبلشمنٹ کے کسی بھی نمائندے سے ملنے کی مبینہ رضامندی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کوعمران خان کنٹرول نہیں کرتے، صرف وہی لوگ بانی چیئرمین سے مل سکتے ہیں جنہیں ان لوگوں نے اجازت دی ہو۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ملاقاتوں سے متعلق عمران کی پسند کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
جس وقت علیمہ خان کی جانب سے عوامی سطح پر گوہر علی خان کی پرائیویٹ بریفنگ کے حوالے سے تردید جاری کی گئی ہے اس وقت پی ٹی آئی کے رہنما عمران خان کے ساتھ ایک اور ملاقات کیلئے کوششیں کر رہے ہیں تاکہ تضادات دور ہو سکیں۔ مقصد یہ پتہ لگانا ہے کہ باضابطہ طور پر خفیہ مذاکرات شروع کیے جا سکتے ہیں یا پھر قیادت عوامی سطح پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنے اور نجی سطح پر مذاکرات کے چکر میں پھنسی رہے گی۔
