پلے آف کی لائن اپ مکمل

پی ایس ایل 10 کے پلے آف کی لائن اپ مکمل، پشاور زلمی باہر

ویب ڈیسک: پی ایس ایل 10 کے پلے آف کی لائن اپ مکمل ہوگئی، پلے آف راونڈ کیلئے اتوار کو پی ایس ایل 10کے 29 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو ہرا کر کوالیفائی کرلیا، جس کے بعد ایونٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچنے والی 4 ٹیموں کا فیصلہ بھی ہوگیا۔
راولپنڈی میں کھیلا گیا میچ آندھی اور بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا اور اسی وجہ سے میچ کو 13 اوور تک محدود کردیا گیا، میچ شروع ہوا تو ٹاس جیت کر پشاور زلمی نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 13 اوورز میں 8 وکٹ پر 149 رنز بنائے، قلندرز کے 150 رنزکے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 13 اوورز میں 8 وکٹوں پر 123 رنز بنا سکی۔ یوں قلندرز نے زلمی کو 26 رنز سے ہرا کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی پلے آف مرحلے میں پہنچ چکی تھیں۔
پی ایس ایل 10 کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو کوئٹہ گلیڈی پہلے مرحلے کے اپنے تمام 10 میچز کھیل کر 15 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے، کراچی کنگز 9 میچز میں 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، لاہور قلندرز تمام 10 میچز کھیل کر 11 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 9 میچز میں 10پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر براجمان ہے۔
پشاور زلمی تمام 10 میچز کھیل کر 10 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور ملتان سلطانز 10 میچز میں صرف 2 پوائنٹس حاصل کرکے پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر ہے۔ دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں سفر ختم ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں:  سابق کپتان شاہد آفریدی کی اہلیہ کی فائرنگ پریکٹس کی ویڈیو وائرل