شاہین میزائل استعمال کرنے

پاکستان نے شاہین میزائل استعمال کرنے کے بھارتی دعوے مسترد کردیئے

ویب ڈیسک: پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں شاہین میزائل استعمال کرنے سے متعلق بھارتی دعوے مسترد کردیئے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی میڈیا کی جانب سے کئے جانے والے بے بنیاد دعوؤں کے جواب میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ الزامات سراسر جھوٹ اور بے بنیاد ہیں ۔
بیان میں کہا گیا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اب بھی بعض بھارتی میڈیا ادارے اس جھوٹی مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں، یہ امر قابلِ غور ہے کہ بھارتی فوج کے سرکاری اکاؤنٹ نے اب تک اس غلط پوسٹ پر کوئی وضاحت یا تردید جاری نہیں کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فوج کے آفیشل ٹوئٹر اکانٹ پر ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں دعویٰٰ کیا گیا کہ پاکستان نے شاہین میزائل استعمال کیا، جب بھارتی فوج کو اپنی غلطی کا ادراک ہوا تو اس ویڈیو کو فورا حذف کر دیا گیا، تاہم، تب تک بھارتی میڈیا کے کچھ حلقے بغیر تصدیق کے اس جھوٹے دعوے کو بڑھا چکے تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ من گھڑت اطلاعات دراصل بھارت کی آپریشن "سندور” میں ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی منظم کوششوں کا حصہ ہیں، پاکستان کی روایتی فوجی صلاحیتوں نے واضح برتری حاصل کی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس کے ساتھ ساتھ یہ پروپیگنڈا نئی دہلی کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور پاکستان پر "جوہری بلیک میلنگ” جیسے من گھڑت الزامات پر مبنی بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش کا تسلسل ہے۔
پاکستان کی جانب سے استعمال کیے گئے ہتھیاروں کی مکمل تفصیل آئی ایس پی آر کی 12 مئی کی پریس ریلیز میں دی گئی ہے، طویل فاصلے تک مار کرنے والے فتح سیریز F1 اور F2 میزائل، جدید ترین ہتھیار، لانگ رینج لوئٹرنگ کِلر ڈرونز، اور ہائی پریسیژن طویل فاصلے کی توپیں شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  پہاڑی پورہ، سکندر ٹاؤن میں ڈکیتی واردات میں ملوث گینگ گرفتار، مال مسروقہ برآمد