ویب ڈیسک: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں محدود پیمانے پر بنیادی انسانی امداد کی تقسیم کی اجازت دیتے ہوئے غزہ پر مکمل قبضے کا اعلان کیا ہے ۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے نے وزیراعظم کے حوالے سے کہا ہے کہ ہم غزہ کی پٹی کے تمام علاقوں پر کنٹرول حاصل کرنے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ کے دوسرے بڑے شہر خان یونس کے تمام شہریوں کو فوری جبری انخلا کا حکم بھی دے دیا۔
خان یونس میں آج صبح خصوصی آپریشن کے بارے میں غیر تصدیق شدہ رپورٹس کے کے حوالے سے نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیلی فورسز وہاں بہت اچھا کام کر رہی ہیں، تاہم میں زیادہ تفصیلات بیان نہیں کرسکتا۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے دوسرے بڑے شہر خان یونس کے رہائشیوں کو فوری طور پر علاقہ چھوڑنے کا حکم دیا ہے، اور خبردار کیا ہے کہ وہاں ایک بے مثال حملہ ہونے والا ہے۔
جبری انخلا کا حکم اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان اویچائے ادرعی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا، جو قریبی علاقوں بنی سہیلا اور عبسان پر بھی نافذ ہوگا۔
