ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز نے آپریشنز کرتے ہوئے 9دہشت گرد ہلاک کردیئے جبکہ 2جوان بھی شہید ہو گئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے 17اور 18مئی کو انٹیلی جنس اطلاع پر خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کئے گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی لکی مروت میں کی گئی جس کے دوران دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ 5دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
اسی طرح بنوں میں کارروائی کے دوران 2بھارتی حمایتی یافتہ دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی قافلے پر فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کو جوابی کارروائی میں ہلاک کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات کے مطابق کارروائیوں میں سپاہی فرہاد علی طوری عمر 29سال، سکنہ ضلع کرم، لانس نائیک صابر آفریدی عمر 32سال سکنہ ضلع کوہاٹ نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے مذکورہ علاقوں میں آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
سکیورٹی فورسز اس عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ بھارت کے پروردہ دہشت گردوں کو ختم کر کے وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مستحکم اور مضبوط کرتی ہیں۔
