افواج پاکستان نے دشمن کو ایسا سبق

افواج پاکستان نے دشمن کو ایسا سبق سکھایاجسےقیامت تک یادرکھےگا،وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری افواج نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جسے وہ قیامت تک یاد رکھےگا، جنگ دوبارہ مسلط کی گئی تو دشمن ہمیں ہمیشہ تیار پائے گا۔
کراچی میں نیوی کے افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے دوران پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح پوری اپنی افواج کے ساتھ کھڑی تھی اور کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے ہماری بری فوج نے دشمن کے ٹھکانوں پر ٹھیک ٹھیک نشانے لگائے، اسی طرح ہماری فضائیہ نیدشمن کے ٹھکانوں پر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اسے وہ سبق سکھایا جو وہ قیامت تک رہے گا، اسی طریقے سے ہماری بحریہ کی تیاری ویسے ہی تھی جیسی بری فوج اور بحریہ کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری بحریہ اس بار بھی تیار تھی کہ دوارکا کی تاریخ کو دوبارہ دہرایا جائے مگر ہماری بحریہ کی تیاری دیکھ کر دشمن کی ہمت نہیں ہوئی، اور جس طرح بری فوج اور فضائیہ نے مل کر اس کی پٹائی تو شائد وہ مزید رسوا ہونے کے لیے تیار نہیں تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں اس موقع پر پی این ایس مہران کے شہید لیفٹیننٹ یاسر کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے جان کی پروا کیے بغیر دشمن کے سامنے سینہ سپر ہوکر اپنی جان کی قربانی دی مگر پاکستان کے وقار اور بحری اثاثوں کے اوپر آنچ نہیں آنے دی، یہ تمام غاذی اور شہدا ہماری قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی حالیہ ناکام اور ہزیمت آمیز مہم جوئی میں دنیا نے ایک بار پھر دیکھ لیا کہ ہماری بحریہ مکمل طور پر تیار تھی، بھارت کا فخریہ ایئرکرافٹ کیریئر وکرانت 400 ناٹیکل میل سے قریب آنے کی جرات نہیں کرسکا، یہ بے مثال دفاعی حکمت عملی اور جوانوں کے غیرمتزلزل عزم کی زندہ مثال ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ کامیابی افواج پاکستان کی مربوط حکمت عملی اور بالخصوص سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کی بہترین کوآرڈینیشن کی مرہون منت ہے جس نے پوری قوم کے عزم اور حوصلے کو نئی توانائی بخشی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ اس امتحان کے دوران ہماری بندرگاہیں مکمل طور پر فعال رہیں، کراچی اور بن قاسم پر تجارتی جہاز بلاتعطل آتے جاتے رہے، جبکہ بھارت کے مغربی ساحل پر تجارتی سرگرمیاں ماند پڑگئیں، پانچ گنا بڑی بھارتی بحریہ اس پوری صورتحال میں مکمل طور پر مفلوج دکھائی دی، رافیل جہازوں کا حشر دیکھ کر ان کا نام نہاد وکرانت میدان جنگ سے یوں بھاگا کہ پلٹنے کا نام تک نہ لیا، یعنی ہماری شارکس نے ہندوستانی وہیل کو مار بھگایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج ہمارا دشمن خود اس بات کا اعتراف کرتا ہے کہ پاکستان نیوزی نے خلیج فارس، بحیرہ عرب اور بحیرہ احمر میں طاقت کا توازن بدل کر رکھ دیا ہے، یہ آپ سب کی اور پوری قوم کی فتح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک امن پسند قوم ہیں اور اپنے تمام تصفیہ طلب مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں لیکن اگر ہم پر جنگ دوبارہ مسلط کی گئی تو دشمن ہمیں ہمیشہ تیار پائے گا، ہم جارحانہ عزائم نہیں رکھتے لیکن ہم اپنے وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا تحفظ کرنا بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں ان تمام برادر ممالک کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے نہ صرف ہمارا ساتھ دیا اور حوصلہ بلکہ پاکستان کے موقف کی بھرپور تائید کی کہ اگر پاکستان پہلگام کے افسوس ناک واقعے کی ایک شفاف عالمی تحقیقات کرانا چاہتا ہے تو بھارت کو اس پر کیا اعتراض ہے۔

مزید پڑھیں:  جی 7ممالک نے اسرائیل کی حمایت کردی