ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل 10)کے 30ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 252رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا جسے وہ حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
کراچی کنگز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 43 اور عباس آفریدی 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے چار جب کہ عماد وسیم اور سلمان ارشاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے پہلے کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
یونائیٹڈ کی جانب سے ایلکس ہیلز دھواں دار 88 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ صاحبزادہ فرحان 73، کپتان شاداب خان 42، سلمان آغا 7 اور رسی وین ڈر ڈوسین 1 رن بنا کر آٹ ہوئے۔
حیدر علی 19 اور بین ڈوارشوئس 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
کنگز کی جانب سے میر حمزہ، عامر جمال اورخوشدل شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
پوائنٹس ٹیبل پر دس دس میچز کھیلنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 15 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔ 12، 12 پوانٹس کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ دوسرے جب کہ کراچی کنگز تیسرے نمبر پر ہے۔
