ویب ڈیسک: پاک بھارت جنگ بندی میں امریکی کوششوں کا انکار کرتے ہوئے بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان فائر بندی قطعی طور پر دوطرفہ تھی، اس میں ٹرمپ کا کوئی کردارنہیں تھا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے پاک بھارت جنگ بندی میں امریکی کوششوں کا انکار کر دیا۔ پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں سیز فائر قطعی طور پر دوطرفہ تھی، اس میں صدر ٹرمپ کا کوئی کردار نہیں تھا۔
بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ٹرمپ نے ہم سے بیچ میں آنے کی اجازت نہیں لی، بلکہ وہ خود ہی سٹیج پر آنا چاہتے تھے اور آگئے، دونوں ممالک کے مابین تنازع روایتی جنگ کے دائرے میں رہا، اسلام آباد سے کسی ایٹمی دھمکی یا اشارے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
دوسری جانب پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے باربارپوچھا گیا کہ پاکستان سے جنگ میں کتنے بھارتی طیارے تباہ ہوئے لیکن وکرم مسری نے قومی سلامتی کا بہانہ بنا کر جواب دینے سے انکار کر دیا۔
