ویب ڈیسک: عالمی منظر نامے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ٹرمپ پیوٹن ٹیلیفونک رابطہ کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، دونوں رہنماوں کے مابین بات چیت کے دوران روس یوکرین جنگ بندی مذاکرات فوری شروع کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر پیوٹن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں صدور کے مابین بات چیت 2 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی، اس دوران فریقین کے درمیان مذاکرات کی شرائط پر گفتگو ہوئی، صدر ٹرمپ نے ٹیلیفونک رابطہ کے حوالے سے بتایا کہ پیوٹن کے ساتھ کال بہت اچھی رہی، روس یوکرین جنگ بندی کیلئے مذاکرات فوری شروع کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جرمنی، فرانس، اٹلی، فن لینڈ کو تفصیلات سے آگاہ کر دیا ہے، جنگ بندی کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ روس یوکرین سے جنگ ختم ہونے پر امریکا کے ساتھ بڑے پیمانے پر تجارت چاہتا ہے۔
دوسری طرف روسی صدر پیوٹن نے بھی بات چیت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کی حمایت کرتے ہیں، یوکرین کے ساتھ جنگ بندی پر مبنی یادداشت کیلئے کام کرنے کو تیار ہیں۔ یاد رہے کہ ٹرمپ اور پیوٹن میں بات چیت کے دوران روس یوکرین جنگ بندی مذاکرات فوری شروع کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
