ویب ڈیسک: بی آر ٹی کے منصوبے میں شامل مال آف حیات آباد اور ڈبگری فیسیلٹی حتمی مرحلے میں داخل، ٹرانس پشاور کو بھاری آمدن کی امید ہے۔
تفصیلاتکے مطابق پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے میں شامل مال آف حیات آباد اور ڈبگری گارڈنز فیسیلٹی حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور ایک ماہ کے اندر عوام کیلئے کھول دی جائیں گی، جس سے ٹرانس پشاور کو بھاری آمدن کی امید ہے ۔
دونوں منصوبوں کو پی ڈی اے تکمیل کے بعد ٹرانس پشاور کے حوالے کرے گی جو ان کی تجارتی آپریشن سنبھالے گا۔ مال آف حیات آباد پر 91 کروڑ 90 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ پشاور کے شہریوں کو جدید ترین شاپنگ، تفریح اور کھانے پینے کی اعلیٰ سہولیات فراہم کرے گا۔
یہ مال نہ صرف شہریوں کی ضروریات پوری کرے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔ ڈبگری گارڈنز فیسیلٹی 68کروڑ 40لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہو گی یہ بی آر ٹی بسوں کیلئے ایک اہم اسٹیشن کے طور پر کام کرے گی۔ یہ فیسیلٹی مسافروں کو جدید اور آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کرے گی اور شہری نقل و حمل کو مزید بہتر بنائے گی۔
پی ڈی اے نے دونوں منصوبوں کو مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹرانس پشاور کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو ان کی تجارتی آپریشنز سنبھالیں گے۔ واضح رہے کہ بی آر ٹی پشاور اس وقت سالانہ 4ارب سے زائد کے خسارے کا شکار ہے اور خسارہ کم کرنے کیلئے ان دونوں مقامات پر تجارتی سرگرمیوں کے آغاز سے اہم کامیابی ملنے کی توقع ہے ۔
