قبائلی اضلاع کے ترقیاتی پروگرام

فنڈز عدم فراہمی، قبائلی اضلاع کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری میں مشکلات

ویب ڈیسک: فنڈز عدم فراہمی، قبائلی اضلاع کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کو ضم اضلاع کے مجوزہ ترقیاتی فنڈز کے اعدادوشمار نہ ملنے کی وجہ سے ترقیاتی پروگرام کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اور انتظامی محکموں نے قبائل کیلئے مجوزہ ترقیاتی پروگرام میں صفر روپے مختص کئے ہیں۔ محکمہ ترقی و منصوبہ بندی خیبر پختونخوا کی جانب سے مالی سال2025-26کا ترقیاتی پروگرام تیار کیا جارہا ہے اور اس پروگرام پر پہلی مشاورت بھی مکمل ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق قبائلی اضلاع کے ترقیاتی پروگرام کیلئے وفاق سے ملنے والے فنڈز کے مجوزہ اعدادوشمار اب تک صوبے کو فراہم نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے انتظامی محکموں کو بھی ضم اضلاع کے فنڈز مختص کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترقیاتی پروگرام کی پہلی مشاورت میں انتظامی محکموں نے قبائلی اضلاع کے ترقیاتی پروگرام میں صفر روپے مختص کئے ہیں جو تشویشناک ہیں، وفاق اور صوبے کی سیاسی جنگ میں ان ضم شدہ اضلاع کیلئے ترقیاتی فنڈز کا منجمد ہونا مستقبل میں مسائل کھڑے کر سکتا ہے۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم نے اس حوالے سے خصوصی رابطہ پر بتایا کہ وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں تاہم وہ کسی صورت جواب نہیں دے رہے، قبائلی اضلاع کا فنڈ روکنا زیادتی ہے، بجٹ کی تیاری جاری ہے اور جب وفاق سے اعدادوشمار موصول ہونگے تو اس کو بجٹ میں شامل کرلیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ وفاق فنڈز نہیں دے گا تو وزیرا علی علی امین کی ہدایت کے مطابق اپنے وسائل سے فنڈز خرچ کرینگے لیکن وفاق کے اس عمل سے قبائل کو شدید نقصان پہنچے گا۔

مزید پڑھیں:  کوہستان کرپشن سکینڈل، نیب نے اعظم سواتی کو طلب کرلیا