بھارتی انتہا پسند ہندوؤں کا بلوچستان

بھارتی انتہا پسند ہندوؤں کا بلوچستان میں مداخلت کا بڑا ثبوت خود ان کے زبانی

ویب ڈیسک: بھارتی انتہا پسند ہندوؤں کا بلوچستان میں مداخلت کا بڑا ثبوت خود ان کے زبانی سامنے آ گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارتی حکومت اور انتہا پسند ہندو بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث ہیں، اس بارے میں حکومت پاکستان اور مسلح افواج کئی بار شواہد ملکی اور بین الاقوامی فورمز پر پیش کرچکے ہیں، اب خود بھارت میں ہندوتوا نظریے کے حامل شخص نے یہ اقرار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والا ہندوتوا گروپ کا رکن بلوچستان آرمی کا ایکس اکاؤنٹ چلاتا ہے، بھومیہار ساگر نامی ہندوتوا گروپ کے رکن نے ایکس سے اپیل کی ہے کہ مجھے یہ جان کر مایوسی محسوس ہوئی کہ میرا ذاتی اکاؤنٹ @BhumiharSagar_ غیر مستند قرار دے کر معطل کر دیا گیا ہے۔
بھومیہار ساگر نے کہا کہ میں تصدیق کرتا ہوں کہ یہ اکاؤنٹ واقعی میرا ہے، میں بھومی ہار ساگر ہوں، جو اس پلیٹ فارم پر اپنی زندگی، خیالات اور تجربات شیئر کرتا رہا ہوں، براہ کرم میری شناخت کا جائزہ لے کر اکاؤنٹ بحال کیا جائے۔
دفاعی ماہرین نے اس حوالے سے کہا ہے کہ بھومیہار ساگر کا یہ اقرار ثابت کرتا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی کیلئے فتنہ الہندوستان کی سہولت کاری بھارت سے ہوتی ہے، اس اپیل سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ بھومیہار ساگر بلوچستان میں ہندوستانی دہشت گرد پراکسیوں کیلئے کام کرتا ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم کی اماراتی صدر سے ملاقات ،اہم امور پر تبادلہ خیال