ویب ڈیسک: عیدالاضحیٰ کے بعد خیبرپختونخوا کا بجٹ پیش ہونے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے صوبائی مشیر خزان مزمل اسلم نے بتایا ہے کہ صوبائی بجٹ کا مجموعی حجم ساڑھے 1900 ارب روپے تک متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کا آئندہ مالی سال 26-2025 کا بجٹ عیدالاضحیٰ کے بعد پیش کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ صوبائی بجٹ کا مجموعی حجم ساڑھے 1900 ارب روپے تک متوقع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 165 سے 175 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے، تاہم ضم اضلاع کے سالانہ ترقیاتی بجٹ کو وفاقی حکومت کی نشاندہی کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔
مشیر خزانہ نے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں کوئی نیا میگا پراجیکٹ شامل نہیں ہوگا بلکہ جاری منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ترقیاتی تسلسل برقرار رکھا جا سکے، بجٹ میں ایکسپورٹ پر 2 فیصد ٹیکس لگانے کا معاملہ بھی زیر غور ہے، جس پر مختلف سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔
ادھر سرحد چیمبر آف کامرس نے آئندہ بجٹ کے لیے اپنی تجاویز تیار کر دی ہیں، جنہیں حکومت کو پیش کیا جائے گا۔ کاروباری برادری نے برآمدات کو فروغ دینے اور مقامی صنعتوں کو سہولت دینے پر زور دیا ہے۔ صوبائی بجٹ سے متعلق حتمی فیصلے مشاورت کے بعد عیدالاضحیٰ کے بعد متوقع بجٹ اجلاس میں کیے جائیں گے۔
