68 ارب 71 کروڑ واجبات

68 ارب 71 کروڑ واجبات پرخیبرپختونخوا کاوفاق کوخط،ادائیگی کا مطالبہ

ویب ڈیسک: 68 ارب 71 کروڑ واجبات پر خیبرپختونخوا کا وفاق کو خط، خط میں مزید انکشاف کیا گیا کہ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں جولائی 2024 سے اپریل 2025 تک کے لیے 27 ارب روپے واجب الاادا ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے وفاق کو 68 ارب 71 کروڑ روپے کے واجبات کی ادائیگی کیلئے باضابطہ خط ارسال کر دیا گیا ہے۔ یہ خط چیئرمین واپڈا کو تحریر کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ وفاق کے ذمے گزشتہ مالی سال کے 37 ارب روپے کے واجبات میں سے صرف 28 ملین روپے موصول ہوئے، جب کہ اب بھی 8 ارب 56 کروڑ روپے کی رقم بقایا ہے۔
خط میں انکشاف کیا گیا کہ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں جولائی 2024 سے اپریل 2025 تک کے لیے 27 ارب روپے واجب الاادا ہیں، اس کے علاوہ، نیٹ ہائیڈل پرافٹ (این ایچ پی) پر سالانہ 5 فیصد اضافے کے واجبات کی مد میں وفاقی حکومت سال 2016 سے 2023 کے درمیان 41 ارب 14 کروڑ روپے کی ادائیگی کی پابند ہے، جو تاحال ادا نہیں کیے گئے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے خیبرپختونخوا کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے، جس کا براہ راست اثر ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات، اور عوامی خدمات پر پڑ رہا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ ان تمام واجبات کی فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ صوبے کو مالی استحکام فراہم کیا جا سکے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں:  خامنہ ای کو مزید زندہ رہنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،اسرائیلی وزیردفاع