عمران خان نا حق قید

عمران خان نا حق قید،رہائی کیلئے ہر حد تک جائیں گے:وزیراعلیٰ گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی سمیت دیگر اسیران ناحق قید ہیں ، ان کی رہائی کیلئے ہر حد تک جائیں گے ۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ فارم 47کی مسلط حکومت نے ملک کے مقبول ترین لیڈر کو پابند سلاسل رکھا ہوا ہے،عمران خان آئین، قانون اور رول آف لا پر یقین رکھتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ہر حد تک جائیں گے، انصاف لائرز فورم ٹیم روزانہ کی بنیاد پر عدالتوں میں پیش ہو کر اسیران کو قانونی معاونت فراہم کر رہی ہے،لیگل ٹیم نے کم و بیش 3 ہزار سے زائد ناحق قید کارکنوں کی ضمانتیں کروائیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس وقت 109اسیران اٹک جیل میں پابند سلاسل ہیں جن کے کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، رہا ہونے والے کارکنان کا تعلق خیبرپختونخوا، پنجاب، کراچی، بلوچستان اور کشمیر سے ہے۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ انشااللہ سابق وزیراعظم عمران خان اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ سرخرو ہوکر جیل سے نکلیں گے، عمران خان اور بشری بی بی کی باعزت رہائی کے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے مچلکوں کے پیسے اپنی جیب سے ادا کررہا ہوں،جیلوں میں ناحق قید کارکنوں کو مالی امداد اور ضرورت کی اشیا بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

مزید پڑھیں:  پنجاب کا بجٹ کل پیش کیا جائے گا، نیا ٹیکس نہ لگانے کا اعلان