ویب ڈیسک: نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چین کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں اور اسٹریٹجک تعاون سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو جیانچا سے ملاقات کی جس میں دیرینہ تعلقات، سیاسی روابط اور تزویراتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے دورہ چین کے دوران پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اہم قومی مفادات پر چین کی مستقل حمایت کو سراہا۔
چینی وزیر لیو جیانچاو نے کہا کہ چین پاکستان کا آہنی دوست اور ہر موسم کا آزمودہ شراکت دار ہے اور وہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اولین ترجیح دیتا رہے گا۔
ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے مابین روابط کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی صورت حال اور باہمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
