ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ کا نئے میزائل دفاعی نظام گولڈن ڈوم کے منصوبے کا اعلان، جس کا مقصد ملک کو غیر ملکی حملوں سے بچانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کو غیر ملکی حملوں سے محفوظ رکھنے کیلئے امریکی صدر ٹرمپ نے نئے میزائل دفاعی نظام گولڈن ڈوم کے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ یہ نظام ان کی دوسری مدت صدارت کے اختتام تک فعال ہو جائے گا۔
وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران میں نے امریکی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ میں ایک جدید ترین میزائل دفاعی شیلڈ بناؤں گا، جس سے ملک غیر ملکی حملوں سے محفوظ رہے گا، اور آج اس سلسلے میں یہ اعلان کرتے ہوئے مجھے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہم نے اس جدید نظام کے لیے باضابطہ طور پر بنیادی خاکہ منتخب کر لیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ گولڈن ڈوم دفاعی نظام پر175ارب ڈالرخرچ ہوں گے، دفاعی بل میں گولڈن ڈوم کیلئے 25 ارب ڈالر شامل کئے جائیں گے، اس سسٹم کیلئے ہر چیز امریکا میں بنائی جائے گی، جبکہ سپیس آپریشنز کے نائب سربراہ جنرل مائیکل اس منصوبے کی قیادت کریں گے۔
امریکی صدر نے بتایا کہ گولڈن ڈوم دفاعی نظام کے کچھ حصے زمین کے گرد مدار میں بھی ہوں گے، اس نظام میں سیٹلائیٹ ٹریکنگ اور سپیس انٹرسیپٹرز بھی شامل ہوں گے، یہ دفاعی نظام خلا سے داغے گئے میزائلوں کو بھی مار گرانے کی اہلیت رکھتا ہے، کینیڈا بھی اس دفاعی نظام کا حصہ بننا چاہتا ہے اور امریکا اس حوالے سے ان کی مدد بھی کرے گا۔
