صوبائی ایچ ای سی کے قیام

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی ایچ ای سی کے قیام کا فیصلہ کر لیا

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی ایچ ای سی کے قیام کا فیصلہ کر لیا، اعلیٰ سطحی کمیٹی کو ایک ماہ میں سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،کمیٹی کا کام صوبائی ایچ ای سی کا ڈھانچہ، افعال اور نظامِ حکمرانی تجویز کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی سطح پر جامعات کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے قیام کیلئے سفارشات تیار کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی ہے محکمہ اعلی تعلیم خیبر پختونخوا کی جانب سے تشکیل کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی کو ایک ماہ میں سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کمیٹی کا کام صوبائی ایچ ای سی کا ڈھانچہ، افعال اور نظامِ حکمرانی تجویز کرنا ہے، صوبائی حکومت پنجاب اور سندھ کے ہائر ایجوکیشن کمیشنز میں پائی جانے والی خامیوں سے بچتے ہوئے ایک بہتر اور مؤثر نظام متعارف کر نا چاہتی ہے۔ کمیٹی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ ایک ایسا ماڈل پیش کرے جو مالی اور تعلیمی طور پر پائیدار ہو۔
محکمہ اعلی تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کے کنوینر خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر ظریف المانی ہوں گے، جبکہ دیگر اراکین میں خیبر پختونخوا ایجوکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی کے مینیجنگ ڈائریکٹر عادل سعید صافی، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے وائس چانسلر پروفیسر جمیل احمد، یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں کے وائس چانسلر پروفیسر جہانزیب خان، انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور کے ڈائریکٹر عثمان غنی، محکمہ اعلی تعلیم کے ڈپٹی سیکرٹریز اظہر ظہور اور واجد علی خان شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی پنجاب اور سندھ کے صوبائی ایچ ای سی کے ڈھانچوں کا تقابلی جائزہ لے گی تاکہ خیبر پختونخوا کے لیے ایک بہتر نظام وضع کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی ایچ ای سی کے قیام کا فیصلہ کر لیا.

مزید پڑھیں:  یونان کشتی حادثے کا مرکزی ملزم اور کے انتہائی مطلوب انسانی سمگلر گرفتار