ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں دو نئے پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے ساتھ ہی صوبہ بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 5 ہو گئی، جبکہ اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں اب تک پولیو کے کل 10 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں خیبرپختونخوا سے 5، سندھ سے 4 اور پنجاب سے ایک کیس شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا میں دو نئے پولیو کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے صوبے میں رواں سال پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق بنوں اور لکی مروت سے تعلق رکھنے والے دو کمسن بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسداد پولیو نے ان کیسز کی تصدیق کی ہے۔ بنوں کی یونین کونسل سین تانگہ سے 28 ماہ کے ایک بچے میں جبکہ لکی مروت کی یونین کونسل بخمل احمد زئی سے 26 ماہ کی ایک بچی میں وائرس پایا گیا۔
محکمہ صحت ذرائع کے مطابق رواں سال خیبر پختونخوا میں بنوں سے دو جبکہ تورغر، ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت سے ایک ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔
