سورج قہر ڈھانے لگا

سورج قہر ڈھانے لگا، پارا 48 ڈگری تک جانے کا امکان، خصوصی الرٹ جاری

ویب ڈیسک: ملک بھر میں ہیٹ ویو طول پکڑ گیا، سورج قہر ڈھانے لگا، جس کی وجہ سے پارا 48 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، عوام کی حفاظت کیلئے خصوصی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جبکہ بیشتر میدانی علاقے آئندہ 4 روز تک موسم کی شدت سے متاثر اور گرم لہروں کی لپیٹ میں رہیں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب،سندھ اور بلوچستان میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زائد رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بالائی اور وسطی علاقوں اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور وسطی و بالائی پنجاب میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بلند رہ سکتا ہے۔ آج لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، بہاولپور میں45، ڈی جی خان میں 47، ملتان میں 44، سرگودھا میں 45 اور راولپنڈی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ کے دارالحکومت کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36، حیدرآباد میں 42،سکھر میں 45 اور نوابشاہ میں 46 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔ بلوچستان میں آج کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38، گوادر میں36 اور سبی میں سب سے زیادہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
پشاور میں سورج قہر ڈھانے لگا، پارا 44 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،دیگر اضلاع بنوں میں 41 اور ڈیرہ اسماعیل خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری ، گلگت بلتستان میں 36 ڈگری اور راولا کوٹ میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل 22 مئی کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جب کہ میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ محسوس کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  فیلڈمارشل کی امریکا آمد مودی کے منہ پر زوردار طمانچہ تھا، مشعال ملک