ویب ڈیسک: خضدار میں ہونے والے سکول بس حملے کے حوالے سے صدر مملکت اور وزیراعظم نے کہا ہے کہ معصوم بچوں پر حملے انسانیت سوز اور گھناؤنا جرم ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دہشتگردوں نے سکول بس پر حملہ کر کے درندگی کی حدیں پار کر دیں۔
صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ سکول جانے والے معصوم بچوں پر حملے انسانیت سوز اور گھناؤنا جرم ہے، بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگردوں کی حمایت میں ملوث ہے، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا مکمل طور پر خاتمہ کریں گے، پاکستان میں بھارتی حمایت سے ہونے والی دہشتگردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں گے۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں، دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے، ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائَے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خضدار میں سکول بس پر بزدلانہ دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے سکول بس پر حملہ کر کے درندگی کی تمام حدیں پار کر دیں، بھارتی سرپرستی میں پلنے والے ان دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ وزیراعظم نے حملے میں معصوم بچوں اور ان کے اساتذہ کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا اور بچوں کے والدین کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے ذمہ داران کے فوری تعین اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کے مستقبل، ننھے و معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے ان دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں دہشتگردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے ان معصوم بچوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
