فوج کا سیاست میں کوئی کردار

فوج کا سیاست میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہئے، بیرسٹر گوہر

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے،فوج کا سیاست میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ رابطے بحال نہیں ہوئے لیکن بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے، پی ٹی آئی پاکستان کی بڑی جماعت ہے اور بانی پی ٹی آئی بڑے لیڈر ہیں اس لئے یہ سختیاں اب ختم ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہی اور ساتھ دیا، جنگ کی فضا ابھی بھی موجود ہے لیکن اللہ نے پاکستان اور افواج پاکستان کو کامیابی سے نوازا ہے، پاکستان کو اللہ نے اس کامیابی سے نوازا جس کا تصور ہم نے خود بھی نہیں کیا تھا۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ 1971ہو یا 1965ان دونوں جنگوں سے یہ جنگ زیادہ خطرناک تھی، دونوں ممالک نیوکلیئر پاور ہیں اس میں پاکستان کو کامیابی ملنا اعزاز کی بات ہے اور انڈیا کا غرور خاک میں مل گیا ہے، پوری قوم اتحاد قائم کرے اور متحد رہے، اگر انڈیا نے دوبارہ کچھ ایسا کیا تو پوری قوم ملکر جواب دے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آرمی چیف کو جو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملا ہے اس کے بعد ان پر اور ذمہ داری عائد ہوتی ہے، ہمارا افواج کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، فوج کا سیاست میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیں:  ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قاتل عمر حیات کا مزید 3روزہ جسمانی ریمانڈ منظور