سزائے موت کی تمام اپیلیں

سپریم کورٹ نے 2024تک دائر سزائے موت کی تمام اپیلیں نمٹا دیں

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ نے 6ماہ کے دوران 2024تک دائر سزائے موت کی تمام اپیلیں نمٹا دیں ۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے رجسٹرار کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چھ ماہ کے عرصے کے دوران سپریم کورٹ نے 238سزائے موت کی زیر التوا اپیلوں کے فیصلے کیے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے عہدہ سنبھالنے کے وقت سپریم کورٹ میں سزائے موت کی 410 اپیلیں تھیں، گزشتہ چھ ماہ کے دوران مزید 44 اپیلیں دائر ہونے سے مجموعی تعداد 454 ہو گئی تھی۔
گزشتہ برس اسی مدت میں سپریم کورٹ نے 26سزائے موت کی اپیلوں کے فیصلے کیے گئے تھے۔ رجسٹرار سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے فوجداری مقدمات نمٹانے کے لیے تین مستقل بینچ تشکیل دئیے ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ خصوصی بینچوں نے کئی ہفتے مسلسل کام کر کے سزائے موت کے مقدمات نمٹائے، پہلا بینچ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس شہزاد ملک پر مشتمل تھا۔
اسی طرح دوسرا بینچ جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل تھا اور تیسرا بینچ جسٹس نعیم افغان کی سربراہی میں جسٹس صلاح الدین پنور اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل تھا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 2024 تک دائر ہونے والی سزائے موت کی تمام اپیلیں نمٹا دیں اور اب تک نئے سال کی 44 اپیلیں التوا ہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کے ٹریک پر دھماکہ