وزیراعظم و فیلڈ مارشل کا دورہ کوئٹہ

وزیراعظم و فیلڈ مارشل کا دورہ کوئٹہ،حملےمیں زخمی بچوں کی عیادت کی

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خضدار بس حملے کے متاثرین اور زخمی بچوں سے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان اور کورکمانڈر کوئٹہ نے وفد کو بہیمانہ حملے سے متعلق بریفنگ دی، وزیراعظم، وفاقی وزرا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں خضدار بس دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر متاثرین کی عیادت کی، وزیرِ دفاع، وزیرِ داخلہ، وزیرِ اطلاعات بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق آج بلوچستان کے علاقے خضدار میں بزدلانہ دہشت گردی کے واقعے میں معصوم بچوں کو لے جانے والی سکول بس کو نشانہ بنایا گیا۔
حملے میں 3 معصوم بچوں اور 2 فوجی جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، حملے میں 39 بچوں سمیت 53 افراد زخمی ہوئے، 8 کی حالت تشویشناک ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اس گھنائونے حملے کے پیچھے بھارت کے ریاستی سرپرستی یافتہ ایجنٹ فتنہ الہندستان آف انڈیا کا ہاتھ ہے، دنیا اسے اب خطے میں عدم استحکام کے مرکز کے طور پر جاننے لگی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق بھارت پاکستان کو کھلی فوجی جارحیت سے مرعوب کرنے میں بری طرح ناکام ہوا، اب بھارت نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے دہشت گردانہ کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
دریں اثنا ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کوئٹہ سے واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔

مزید پڑھیں:  ایران نے اپنے شہریوں سے واٹس ایپ ڈیلیٹ کرنے کی اپیل کردی