بھارتی ہائی کمیشن اہلکار کو پاکستان

ناپسندیدہ قرار دے کر بھارتی ہائی کمیشن اہلکار کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت

ویب ڈیسک: بھارتی اقدام پر پاکستان کا کرارا وار، ناپسندیدہ قرار دے کر بھارتی ہائی کمیشن اہلکار کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کر دی جس کیلئے 24 گھنٹوں کی مہلت دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنےکی ہدایت کر دی گئی ہے، پاکستان کی جانب سے یہ اقدام بھارت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اور اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کے حکم کے بعد سامنے آیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انڈین ہائی کمیشن کا مذکورہ اہلکار ایسے اقدامات میں ملوث پایا گیا جو اس کے سفارتی استحقاق کے منافی تھے، اس لئے اس اہلکار کو 24 گھنٹوں کے اندر پاکستان چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
دفتر خارجہ ترجمان کے مطابق اس ضمن میں بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کیا گیا جہاں انہیں اس فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا، یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا جبکہ پاکستانی ناظم الامور کو اس حوالے سے ڈی مارش کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  غربت اور پسماندگی عالمی امن کے لئے بڑا خطرہ ہیں، پاکستان