ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے محکمہ خزانہ سے 21ارب روپے جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے مختلف شعبوں کیلئے 21 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی فنڈز جاری کر دیئے ہیں، یہ فنڈز صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام، ضم اضلاع کے ترقیاتی پروگرام اور اے آئی پی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ نے صوبائی ترقیاتی پروگرام کے تحت 16ارب93کروڑ23 لاکھ اور90 ہزار روپے کی رقم جاری کی ہے ، یہ رقم جن شعبوں میں تقسیم کی گئی ہے، ان میں زراعت کیلئے 43کروڑ روپے، پینے کے صاف پانی اور صفائی کیلئے 87کروڑ اور 55 کروڑ 40 لاکھ روپے، صحت کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 28کروڑ روپے، محکمہ اعلیٰ تعلیم کیلئے 10کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے سڑکوں کی تعمیر کیلئے 31کروڑ23لاکھ اور19 ہزار روپے، پانی کے وسائل کیلئے 2ارب84کروڑ33 لاکھ اور85 ہزار روپے جاری کئے گئے ہیں، اس طرح محکمہ خزانہ نے ضم اضلاع کیلئے 1ارب روپے کی رقم کثیرالجہتی ترقیاتی شعبے کیلئے رقم جاری کی ہے۔
اس رقم کو ترجیحی بنیادوں پر تنخواہوں، یوٹیلیٹی پر مبنی منصوبوں اور مکمل ہونے والے منصوبوں کیلئے استعمال کیا جائے گا جبکہ اے آئی پی کے تحت 3ارب76 کروڑ43 لاکھ اور82 ہزار روپے کی رقم جاری کی گئی ہے، جس میں محکمہ ابتدائی اور ثانوی تعلیم کیلئے 50کروڑ روپے، صحت کیلئے 25کروڑ روپے ، گھریلو امور کیلئے 37 کروڑ 99 لاکھ اور90ہزار روپے، سڑکوں کیلئے 1ارب روپے پانی کے وسائل کیلئے 1ارب روپے جاری کئے گئے ہیں۔ یاد رہے خیبر پختونخوا حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے محکمہ خزانہ سے 21ارب روپے جاری کر دیئے۔
