ویب ڈیسک: چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس میں سکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر کیلئے جدید طریقہ کار اپنانے کی ہدایت، اجلاس میں دیگر اہم امور پر بھِ تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت لائیوسٹاک اینڈ فشریز، لوکل گورنمنٹ اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) محکموں کے گڈ گورننس روڈ میپ پر اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ گڈ گورننس روڈ میپ کا مقصد تینوں محکموں میں اصلاحات اور خدمات کی فراہمی کو موثر بنانا ہے۔
لائیوسٹاک اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ کے جائزہ کے دوران صحتمند مال مویشیوں کی افزائش و دیکھ بھال کیلئے اقدامات، لائیوسٹاک ڈیٹا کی ڈیجیٹائزیشن، کسانوں کی معاونت، تجارتی ویلیو چینز کی ترقی، فشریز اور ایکواکلچر کا فروغ اور تحقیق کو فروغ دینے جیسے امور زیر بحث آئے۔
اجلاس میں پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی میں اصلاحات کا پلان اور لائحہ عمل بھی پیش کیا گیا۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے لئے گڈ گورننس روڈ میپ میں موجودہ انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال، منصوبوں اور وسائل کی نگرانی کیلئے ڈیجیٹائزیشن، انفراسٹرکچر کی منصوبہ بندی، موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق پائیدار انفراسٹرکچر کی تعمیر، اور سڑکوں کی توسیع شامل ہے۔
چیف سیکرٹری نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی کہ سکولوں اور ہسپتالوں جیسے ضروری انفراسٹرکچر کی فوری اور کم لاگت تعمیر کے لئے جدید طریقہ کار اپنائے جائیں۔
اس دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ تینوں محکموں کے ایکشن پلانز تیار کر لئے گئے ہیں، جن میں ذمہ داریاں واضح طور پر متعین اور ٹائم لائنز طے کر دی گئی ہیں تاکہ بروقت عملدرآمد یقینی بناکر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔
