ویب ڈیسک: تہکال، ریگی ، ملاکنڈ ڈھیر کنٹونمنٹ کے دائرہ کار میں شامل کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے 2014میں جاری حکم نامہ کی روشنی میں وزارت دفاع نے پشاور کے تین دیہات اور نجی زمین کے کچھ حصے کو کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں شامل کرلیا ہے۔ ان میں تہکال بالا نمبر ایک، ریگی للمہ اور مالاکنڈ ڈھیر کو کنٹونمنٹ بورڈ میں شامل کرتے ہوئے کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر پشاور کی جانب سے ڈائریکٹر ویسٹ کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 2014 میں جاری وزارت دفاع کے نوٹیفکیشن کے تحت پشاور کنٹونمنٹ کی حدود میں توسیع کر دی گئی ہے جس کے بعد ریگی للمہ ، تہکال بالا نمبر 1 اور مالاکنڈھیر کے علاقے اب کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے دائرہ کار میں شامل ہو گئے ہیں۔
جمرود روڈ کے پار واقع تین دیہاتوں اور نجی زمین کے ایک چھوٹے حصے کو شامل کر کے بڑھا دیا گیا ہے۔ اس توسیع کے بعد کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کو ان علاقوں میں بلدیاتی ذمہ داریاں سنبھالنے کا مکمل اختیار دے دیا گیا ہے۔
خط میں کیپٹل میٹروپولیٹن ویسٹ زون سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان نئے علاقوں سے متعلق عمارتی نقشے اور دیگر متعلقہ دستاویزات کینٹونمنٹ بورڈ کے ساتھ شیئر کریں تاکہ شہری منصوبہ بندی اور عمارتوں کی منظوری کے عمل میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔
خط میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اب ان علاقوں میں عمارتی نقشوں کی منظوری کا اختیار صرف کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے پاس ہوگا اور کیپٹل میٹروپولیٹن کی جانب سے ایسے کسی بھی معاملے میں مداخلت نہیں کی جائے گی۔
کنٹونمنٹ بورڈ نے خط کے آخر میں کیپٹل میٹروپولیٹن سے تعاون کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ دستاویزات جلد از جلد شیئر کی جائیں تاکہ شہری منصوبہ بندی کے عمل کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھایا جا سکے۔
