ویب ڈیسک: سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر سماعت کے دوران مخصوص نشستوں کے کیس کی لائیو سٹریمنگ کی اجازت دیدی، جبکہ اس کے ساتھ ہی عدالت نے سپریم کورٹ کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو لائیو سٹریمنگ کے انتظامات کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے کیس میں سنی اتحاد کونسل کی متفرق درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے بینچ کی تشکیل پر اعتراضات کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے دو رکنی بینچ کی آئینی حیثیت برقرار رکھی۔
سماعت کے دوران عدالت نے مخصوص نشستوں کے کیس کی لائیو سٹریمنگ کی اجازت دیتے ہوئے 26 ویں ترمیم کے فیصلے تک سماعت ملتوی کرنے والی درخواست اور جسٹس منصور علی شاہ کو بینچ میں شامل کرنے والی درخواست بھی مسترد کر دی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے مختصر فیصلہ سنایا جبکہ تفصیلی حکم نامہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
بعد ازاں عدالت نے مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف کو دینے کے خلاف نظرثانی کیس کی سماعت 26 مئی تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ سنی اتحاد کونسل کے وکیل حامد خان نے 26 آئینی ترمیم سے متعلق کیس کا فیصلہ ہونے تک مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت کو ملتوی کرنے اور کیس کو براہ راست نشر کرنے کی استدعا کی تھی۔
