ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا سے پاکستان میں تعینات قائمقام امریکی سفیر کی ملاقات ہوئی ہے، اس دوران اہم معاملات زیر بحث رہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اس دوران امریکی سفیر نے بلوچستان میں سکول بس پر دہشتگردانہ حملہ پر افسوس کا اظہار کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا سے پاکستان میں تعینات قائمقام امریکی سفیر کی ملاقات میں پختونخوا میں تجارتی و بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق امور، خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو تکنیکی و فنی تعلیم میں اسکالرشپس فراہمی اور نوجوانوں کو سپورٹس میں امریکہ سمیت عالمی دنیا میں مواقع فراہم کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں امریکہ اور خیبر پختونخوا سے تجارتی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا گیا، گورنر خیبر پختونخوا نے امریکی سفیر کو خیبر پختونخوا میں قیمتی معدنی شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا میں دنیا کی بہترین ماربل، گرینائٹ سمیت دیگر معدنی وسائل کی کمال استعداد ہے۔
گورنر فیصل کریم کا کہنا تھا کہ صوبہ میں معدنیات، سیاحتی شعبہ سمیت قدرتی وسائل پر عالمی سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، امریکہ پاکستان کا ترقیاتی شراکتدار دوست ملک ہے، خیبر پختونخوا بالخصوص ضم اضلاع کے نوجوانوں کو تکنیکی و فنی تعلیم میں امریکہ سکالرشپس فراہمی میں دوستانہ کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کو روکنے اور خطہ میں امن کیلئے سیز فائر میں صدر ٹرمپ کے اہم کردار پر انکے شکرگزار ہیں۔ امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان کیساتھ بہترین تعلقات ہیں، امریکہ دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔
