ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور معروف قانون دان بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت ہے کہ میدان خالی نہیں چھوڑنا، اب ہم مخصوص نشستوں کا کیس پوری طاقت سے لڑیں گے، اور لائیو سٹریمنگ سے سب جان لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے فیصلے سے ہم بلکل خوش نہیں، لیکن وہاں ہماری مزاحمت سے ایک بڑا فائدہ یہ ہوا کہ ملٹری کورٹس سے سزا پانے والے پہلے صرف آرمی چیف سے سزا معطلی کیلئے اپیل کرسکتے تھے، اب وہ اپیل ہائیکورٹ میں بھی کی جا سکے گی۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اب ہم نے ہر معاملہ قوم کی عدالت میں پیش کرنا ہے، لائیو سٹریمنگ سے قوم دیکھے گی کہ کیا ہو رہا ہے، ہم مخصوص نشستوں کا کیس پوری طاقت سے لڑیں گے۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم بھرپور مزاحمت کریں گے، ہم ہر معاملے میں مزاحمت کریں گے، اللہ ہمارا ساتھ دے گا اور فتح ہماری ہی ہوگی، جبکہ آخری فیصلہ عوام نے ہی کرنا ہے کسی عدالت نے نہیں، آئین، قانون، جمہوریت، تاریخ، قوم ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، آخر فتح ہماری ہی ہوگی۔
