ویب ڈیسک: سیاسی بخار تھمنے لگا اور ملکی سیاست میں گرما گرمی کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، رانا ثنا اللہ کی بیرسٹر سیف سے اہم ملاقات میں مفاہمت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف سے مفاہمت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق رانا ثناء اللہ نے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی سے سیاسی مفاہمت کی تجویز پیش کی، جس پر بیرسٹر سیف نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مفاہمت پر بات ہو سکتی ہے۔ ن لیگ کے رہنما نے واضح کیا کہ سیاسی عمل آگے بڑھانے کے لیے بات چیت سیاسی حکومت سے ہی کرنا ہو گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کیے گئے، تاہم فیصلہ کن بات چیت کی راہ ہموار ہونا باقی ہے۔
