ملک دشمن عناصر کو نیست ونابود

ملک دشمن عناصر کو نیست ونابود کیا جائے گا، کورکمانڈرز کانفرنس

ویب ڈیسک: فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس نے پاکستان کی سلامتی ہر صورت یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے ملک دشمن عناصر کو قومی عزم اور مکمل استعداد کے ساتھ نیست و نابود کر دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر کی زیر صدارت 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں آپریشن بنیان مرصوص اور خضدار میں دہشت گردی کے حملوں میں شہید ہونے والوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ یہ سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، جس کے نتیجے میں چار معصوم بچے اور دو بے گناہ افراد شہید ہو ئے۔
کورکمانڈرز کانفرنس میں معرکہ حق کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے دوران اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کیا، شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور فورم نے اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گی۔
فورم نے نہتے شہریوں، بالخصوص معصوم بچوں کو دانستہ نشانہ بنانے کو انسانیت کے بنیادی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحا اور قابل مذمت خلاف ورزی قرار دیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شرکا کانفرنس نے فیلڈ مارشل کی اسٹریٹجک وژن، غیر متزلزل قیادت اور قومی دفاع کے لیے ان کی موثر اور گراں قدر خدمات کا بھی اعتراف کیا۔
کور کمانڈر کانفرنس کے شرکاء کی جانب سے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی گئی ۔
کورکمانڈرز کانفرنس میں اندرونی اور بیرونی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور مجموعی سیکیورٹی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فورم نے خاص طور پر ‘معرکہ حق’ کے ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلے، آپریشن ‘بنیان مرصوص’ کی کامیاب تکمیل کو سراہا۔
فورم نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، باہمی ہم آہنگی، بلند حوصلے اور قوم کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا اور پاکستانی میڈیا اور "انفارمیشن وارئیرز”کو سراہا جو بھارتی پروپیگنڈے، جعلی خبروں اور جنگی جنون کے خلاف ریاست کے ساتھ قدم ملا کر کھڑے رہے۔
کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے حقائق اور اعداد و شمار کو درست طریقے سے پیش کرتے ہوئے عوامی اعتماد کو فروغ دیا اور غلط معلومات کا تدارک کیا، فورم نے پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور متحرک شراکت کو تہہ دل سے سراہا، جن کی قومی حب الوطنی اور جوش و جذبے نے نہ صرف قومی روح کو اجاگر کیا بلکہ قومی بیانیے کو مثر انداز میں پیش کیا۔
فورم نے سیاسی قیادت کو ان کی دور اندیشی، معرکہ حق کے دوران بے مثال قیادت، پختہ یقین اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ قوم کی رہنمائی پر سلام پیش کیا اور مسلح جارحیت کے خلاف کامیابی کو ان عوامل کی مرہونِ منت قرار دیا۔
کانفرنس کے شرکا نے پاکستان کے موثر اور بروقت دفاعی رسپانس کو مثالی اور پاکستان کی بھرپور جوابی دفاعی کارروائی کو بہترین اور واضح تزویراتی حکمت عملی کا عکاس قرار دیا۔
فورم نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی سالمیت کی بقا کے لیے کسی بھی بیرونی جارحیت کا مکمل آپریشنل تیاری سے مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور اعادہ کیا کہ طاقت کے استعمال اور دھمکی آمیز رویے کے ذریعے پاکستان پر دبا ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
کورکمانڈرز کانفرنس میں قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں متحرک ہندوستانی حمایت یافتہ دہشت گرد پراکسیوں کی سرکوبی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعادہ کیا گیا۔
کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں کی جانے والی جارحیت کی ناکامی پر بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے خفیہ منصوبے پر عمل د درآمد کر رہا ہے، بھارت ایک جانب خود کو دہشت گردی کا شکار ظاہر کرتا ہے جبکہ درحقیقت وہ خود دہشت گردی کا مرتکب اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے پراکسیوں کا استعمال بھارت کا وطیرہ رہا ہے، پاکستان کسی صورت بھی بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے اپنے امن پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے ساتھ، دہشت گرد پراکسیوں اور ان کے سہولت کاروں کا غیر متزلزل عزم کے ساتھ مقابلہ کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ انتشار اور خوف کی فضا پیدا کرنے کے لیے بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے ملک دشمن عناصر کو قومی عزم اور مکمل استعداد کے ساتھ نیست و نابود کر دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں علاقائی سلامتی اور مشرقی بارڈر پر سیکیورٹی کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا اور فورم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
فورم نے بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں کی سخت مذمت کی اور انہیں مقامی سطح پر فطری ردعمل کے جنم کا شاخسانہ قرار دیا، فورم نے خطے میں پائیدار امن کے لیے بین الاقوامی برادری کی فوری توجہ اور مثر مداخلت کی ضرورت پر زور دیا۔
کانفرنس میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے جاری منصفانہ جدوجہد اور ان کی مکمل سفارتی، سیاسی، اخلاقی اور انسانی حمایت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تمام رینکس کے بلند حوصلے، اعلی آپریشنل تیاری، غیر معمولی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور پاکستانی قوم کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا اور حالیہ کامیابیوں کو اللہ تعالی کا فضل و کرم قرار دیا۔
فیلڈ مارشل نے فورم کو درپیش سلامتی کے خطرات کے تناظر میں اعلی ترین آپریشنل تیاری کی ضرورت پر زور دیا اور کانفرنس کے اختتام پر اندرونی استحکام کو یقینی بنانے اور قومی سرحدوں کو محفوظ بنانے میں پاک فوج کے کلیدی کردار پر اعتماد کا اظہار کیا اور اِ س سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

مزید پڑھیں:  بارڈر بندش سے پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارتی حجم سکڑنے لگا