ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جو کچھ 9مئی کو ہوا وہی بھارت نے بھی کیا ۔
یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہونہار سکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ بہکاوے میں آنے والے بچے آج جیلوں میں ہیں، کبھی اپنی دھرتی ماں کیخلاف قدم نہ اٹھانا، نوجوان فتنے اور فساد کا ایندھن بننے سے دور رہیں، ہمیں ڈیتھ سیل میں ڈالنے والے آج کہاں ہیں اور ہم کہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شخصیت سے اختلاف ہوسکتا ہے مگر 9 مئی کو فوجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، ان کا نشانہ بھی ہماری فوج تنصیبات تھیں، اس جماعت نے وہ کیا جو دشمن دہائیوں میں نہ کر سکا، جن وردیوں کی توہین کی گئی انہی نوجوانوں نے ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ملک کا مستقبل مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے، ملک کی اصل سیسہ پلائی دیوار نوجوان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح لیپ ٹاپ کو بچا کر رکھتے ہیں کہ اس میں کوئی وائرس نہ آجائے، اس طرح ذہن کو بھی بچا کر رکھنا ہے کہ اس میں کوئی پولیٹیکل وائرس نہ آجائے۔
