10 جنگلات میں آتشزدگی واقعات رپورٹ

گرمی شدت میں اضافہ، صوبہ کے 10 جنگلات میں آتشزدگی واقعات رپورٹ

ویب ڈیسک: گرمی شدت میں اضافہ ہونے کے سبب صوبہ کے 10 جنگلات میں آتشزدگی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ کے باعث خیبر پختونخوا کے 10مقامات پر جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی ہے جسے قابو کرنے کیلئے ریسکیو کی ٹیمیں کارروائی کررہی ہیں، اور متعدد علاقوں میں آگ پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے۔ مئی کے مہینے میں آگ برسانے والی گرمی کی وجہ سے کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی ہے۔
محکمہ جنگلات و موسمیاتی تبدیلی خیبر پختونخوا کے مطابق آلہ ڈھنڈ بٹ خیلہ فارسٹ رینج کے پرائیویٹ جنگلات میں لگنے والی آگ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن میں محکمہ جنگلات، ریسکیو، سول ڈیفنس اور مقامی رضاکاروں نے بھرپور کردار ادا کیا۔ تمام اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کولنگ کا عمل مکمل ہونے تک موقع پر موجود رہیں۔
قالدرہ درگئی کے دشوار گزار پہاڑی علاقے کے پرائیویٹ جنگلات میں آگ بجھانے کا عمل تاحال جاری ہے، محکمہ جنگلات، ریسکیو اور دیگر متعلقہ ادارے آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں، جوار بیٹ کمپارٹمنٹ نمبر 10 بونیر میں بھی آگ بجھانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر ڈگر اور رینج فارسٹ آفیسر گاگرہ کی قیادت میں دو الگ الگ ٹیمیں ریسکیو، ٹی ایم اے اور مقامی افراد کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔ باغ کنڈی چکدرہ فارسٹ رینج کے پرائیویٹ اور شاملاتی جنگلات میں لگی آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔
اوسکئی کے دشوار گزار پہاڑی علاقے کے پرائیویٹ جنگلات میں لگی آگ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے، اس دشوار گزار پہاڑی سلسلے میں شدید گرمی، آگ کی تپش اور مسلسل فائر فائٹنگ کی وجہ سے ڈی ایف او لویر دیر ہیٹ سٹروک کا شکار ہو گئے ، انہیں مقامی سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو آپریشن میں محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ نے حصہ لیا۔ اسبنڑھ کے دشوار گزار پہاڑی علاقے کے پرائیویٹ جنگلات میں لگی آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔ پیٹو درہ تیمرگرہ کے پرائیویٹ جنگلات میں بھی لگی آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ کوٹیگرام کے پرائیویٹ جنگلات میں لگی آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گرمی شدت میں اضافہ ہونے کے سبب صوبہ کے 10 جنگلات میں آتشزدگی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، اس دوران شہریوں کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.

مزید پڑھیں:  پی آئی اے کا قطر، بحرین، کویت اور یواے ای کیلئے فضائی آپریشن منسوخ