ویب ڈیسک: ایم ٹی آئی ہسپتالوں سے سرکاری ملازمین کی واپسی کا فیصلہ، منصوبہ مکمل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم ٹی آئی ہسپتالوں نے سرکاری ملازمین کی مرحلہ وار واپسی کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے اس سے قبل بھی مذکورہ ہسپتالوں کی انتظامیہ کی جانب سے سرکاری ملازمین ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس کو محکمہ صحت کو واپس بھیجنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد محکمہ صحت کی درخواست پر یہ سلسلہ موخر کردیا گیا تھا تاہم اب یہ منصوبہ مکمل کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرکاری ملازمین کو ہسپتالوں سے نکال کر ان کی جگہ نئی بھرتیاں کی جائیں گی، واضح رہے کہ تدریسی ہسپتالوں کو ایم ٹی آئی ایکٹ میں شامل کرنے کے بعد فیصلہ کیا گیا تھا کہ ہسپتالوں میں موجود سرکاری ملازمین اپنی ملازمتوں سے استعفیٰ دے کر ادارہ جاتی ملازمت اختیار کریں گے یا ان کی خدمات محکمہ صحت کو واپس کردی جائیں گی۔
اس ضمن میں کئی سو سرکاری ملازمین کو محکمہ صحت کے ڈائریکٹوریٹ کو واپس کیا گیا تاہم بعد ازاں محکمہ صحت نے ہسپتالوں سے درخواست کی تھی کہ بڑی تعداد میں ملازمین کی ہسپتالوں سے واپسی کی صورت میں محکمہ صحت میں سینکڑوں ملازمین سر پلس ہوجائیں گے اور ان کی تعیناتیوں کا مسئلہ شدید ہوجائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ اب حتمی فیصلہ کیا گیا ہے کہ یا تو سرکاری ملازمین ادارہ جاتی ملازمت اختیار کریں گے یا انہیں واپس کردیا جائے گا اس مقصد کے تحت سول سرونٹس کی مرحلہ وار واپسی کیلئے پلان تیار کیا جائے گا اور ان کی جگہ ادارہ جاتی سطح پر بھرتی کی جائے گی۔
