ویب ڈیسک: صوبائی حکومت کی جانب سے محکمہ بلدیات کی پشاور میں جائیداد کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔
خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور ریجن میں محکمہ بلدیات کی جائیداد کی تفصیلات طلب کرلی ہیں، ریجنل میونسپل آفیسر پشاور نے تمام متعلقہ اداروں کو پشاور ریجن میں واقع دکانوں، کیبنز اور دیگر جائیداد کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے، اس سلسلے میں جاری خط میں تمام تحصیل میونسپل آفیسرز اور کیپیٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور کو جائیداد کی مکمل تفصیلات ایک ہفتے کے اندر فراہم کر نے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاری خط میں کہا گیا ہے کہ مکمل تفصیلات میں دکان اورکیبن کی تعداد، رقبہ، مختص کرنے اور اختتامی تاریخ، توسیع کی تاریخ،اجازت دینے والی اتھارٹی،موجودہ کرایہ اور سالانہ اضافہ کی شرح شامل ہے، ٹی ایم ایز اورکیپیٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاورکو تفصیلات بروقت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد پشاور ریجن میں میونسپل جائیداد کے انتظام اور شفافیت کو یقینی بنانے سمیت آمدن بڑھانے کیلئے اقدامات کرناہے۔
