ویب ڈیسک: سابق امریکی مشیر قومی سلامتی جان بولٹن کے بھارتی میڈیا کو دیے گئے بیان پر دفترخارجہ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے سمیت پاکستان کو اپنے جوہری تحفظاتی نظام کی مضبوطی پر اعتماد ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ امر قابل افسوس ہے کہ جان بولٹن کا بیان راج ناتھ سنگھ کے بیان کے بعد سامنے آیا، راج ناتھ سنگھ ایک ہندو انتہاپسند تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں، اور پاکستان کے خلاف بار بار دھمکیاں دیتے رہے ہیں۔
ترجمان ددفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے جوہری ہتھیاروں کا کنٹرول راج ناتھ سنگھ جیسے افرادکے ہاتھ میں ہے، درحقیقت عالمی برادری کو زیادہ تشویش اس پر ہونی چاہیے ، راج ناتھ سنگھ پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف شدید تعصب رکھتے ہیں، وہ خود کو حد سے بڑھا کر دیکھنے کے فریب میں مبتلا ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں جوہری بلیک مارکیٹ کے تسلسل نے ان خدشات کو مزید تقویت دی ہے، بھارت میں حساس جوہری مواد کی چوری اور اسمگلنگ کے واقعات اس کی واضح مثال ہیں۔ یاد رہے کہ دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈھانچے کی مضبوطی سمیت پاکستان کو اپنے جوہری تحفظاتی نظام کی مضبوطی پر اعتماد ہے۔
