ویب ڈیسک: آپریشن بنیان مرصوص کے حوالے سے بھارت سچ بولنے لگا، اس جنگ میں کانگرس رہنما نے بھارت کی عبرتناک شکست تسلیم کر لی۔ انہوں نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص میں بھارتی افواج کی تاریخی شکست پر بھارتی سیاست میں بھی بھونچال آ گیا ہے، بھارت کی ذلت آمیز شکست پر کانگرس ایم ایل اے وجے واڈیٹیوار نے مودی اور بھارتی فوج پر تابڑ توڑ حملے کر دیے۔
اس دوران کانگریس رہنماوں کی جانب سے مہنگی دفاعی خریداری اور بوسیدہ حکمت عملی پر مودی سرکار پر زوردار وار کیا، کانگرس ایم ایل اے وجے واڈیٹیوار نے مودی کی جنگی سوچ کو ناکام قرار دے دیا۔
کانگرس رہنما نے بھارت کی عبرتناک شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سستے ڈرونز بھارت بھیجے، بھارت نے اربوں جھونک دیے، چین نے پاکستان کو 5 ہزار ڈرونز دے کر بھارت کی کمزوری بے نقاب کر دی، مودی سرکار اربوں جھونکتی رہی۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ مودی سرکار نے 15 ہزار کے ڈرون گرانے کے لیے 15 لاکھ کا میزائل فائر کیا، مودی سرکار کی جنگی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام، 5 ہزار سستے پاکستانی ڈرونز کے سامنے بھارتی دفاع بےبس رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کم لاگت میں حملہ کیا، بھارت نے عوام کے ٹیکس کا پیسہ بےدریغ ضائع کیا، پاکستان نے بھارت کے تین سے چار رافیل طیارے تباہ کر دیے، مگر مودی سرکار کی مجرمانہ خاموشی بدستور برقرار ہے۔
کانگرس رہنما وجے واڈیٹیوار نے مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ رافیل سودے پر نعرے تھے، اب نقصان چھپایا کیوں جا رہا ہے؟
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی کی خود پسندی نے قومی سلامتی داؤ پر لگا دی، صرف مہنگے ہتھیار کافی نہیں، بھارتی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
