گلیشیئر کٹائی توہین عدالت کے نوٹس

گلیشیئر کٹائی: ڈی جی ای پی اے اور ڈپٹی کمشنر دیر کو توہین عدالت کے نوٹس جاری

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ نے گلیشیئر کٹائی کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے)اور ڈپٹی کمشنر دیر کو نوٹس جاری کر دیئے ۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے گلیشیئر کٹائی کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر کی ۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل طارق افغان ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ عدالت نے 6 مئی کو ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز دیر، سوات، بونیر اور مانسہرہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ پہاڑی علاقوں سے برف کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال سے روکیں۔
وکیل کے مطابق عدالتی احکامات کے باوجود دیر کے علاقے سے اب بھی برف کمرشل سرگرمیوں کے لیے منتقل کی جا رہی ہے جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر دیر عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہے ہیں۔
طارق افغان ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈی جی ای پی اے اور ڈپٹی کمشنر دیر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا ہے۔

مزید پڑھیں:  دشمن پر ہیبت طاری، اللہ ایران کو بڑی فتح سےنوازے گا:خامنہ ای