ویب ڈیسک: وفاق سیکرٹری داخلہ خرم آغا نے کہا ہے کہ خضدار میں حملہ بس پر نہیں، ہماری اقدار اور تعلیم پرتھا، حملے میں فتنہ الہندوستان ملوث ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان کی تشکیل نو کر دی ہے،دہشت گردوں کو خطرناک نتائج بھگتنا ہوں گے۔
سیکرٹری داخلہ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خضدار میں بس پر ہونے والے حملے میں فتنہ الہندوستان ملوث ہیں، متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
خرم آغا نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھرمیں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، دہشت گردوں کو خطرناک نتائج بھگتنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان کی تشکیل نو کر دی ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تمام اجزا آپریشنل ہیں ۔
