بجٹ میں ٹیکس آمدن بڑھانے

آئی ایم ایف کا آئندہ بجٹ میں ٹیکس آمدن بڑھانے پر زور

ویب ڈیسک: عالمی مالیاتی فنڈ اور پاکستان کے حکام کے مابین مذاکرات مکمل ہو گئے، جاری اعلامیہ میں آئی ایم ایف کا آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس آمدن بڑھانے سمیت مہنگائی کو 5 سے 7 فیصد ہدف میں لانے پر زوردیا گیا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف مشن کا دورہ پاکستان مکمل ہو گیا، مالی سال 26-2025 کے بجٹ پر پاکستانی حکام سے تعمیری بات چیت ہوئی۔ اس دوران پاکستان کا پرائمری سرپلس کا ہدف 1 اعشاریہ 6 فیصد مقرر کیا گیا ہے، زرمبادلہ ذخائر کی بحالی اور شرح مبادلہ میں لچک لانا ہو گی، اصلاحات کے لیے پاکستانی حکام پُراعتماد ہیں، آئندہ دنوں میں بجٹ پر مزید بات چیت جاری رہے گی۔
پاکستان آئِی ایم ایف مذاکرات کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں توانائی کی لاگت کم کرنے کے لیے بات چیت ہوئی جبکہ معاشی ترقی کی شرح بڑھانے کے لیے بنیادی اصلاحات پر بھی مشاورت ہوئی، معاشی پالیسی مضبوط اور دیرپا بنانے کے لیے بھی زور دیا گیا تاکہ کوئی خلا نہ رہے۔
اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف کا آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس آمدن بڑھانے پر زور دینے سمیت معاشی پالیسی کے لیے مانیٹری پالیسی سخت بنانے پر بھی زور دیا گیا، اس دوران یہ بھی بتایا گیا کہ سٹیٹ بینک افراط زر کو مدنظر رکھتے ہوئے مانیٹری پالیسی بنانے، آئندہ مالی سال زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھے جائیں اور کرنسی کا ایکسچینج ریٹ مارکیٹ کے مطابق رکھا جائے تاکہ بیرونی دباؤ کو برداشت کر سکے ۔
آئی ایم ایف مشن کے سربراہ نیتھن پورٹر کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس آمدن بڑھائی جائے، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ آئندہ بجٹ میں اخراجات کی ترجیحات پرمشاورت ہو۔

مزید پڑھیں:  بھارتی طیارہ گر کر تباہ،مسافروں سمیت294افراد ہلاک،ایک مسافربچ گیا