مہنگا علاج بھی صحت کارڈ پلس

جگر، گردے و بون میرو پیوند کاری کا مہنگا علاج بھی صحت کارڈ پلس میں شامل

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ صحت کارڈ پلس میں مزید چار پیچیدہ بیماریوں کا مہنگا علاج بھی شامل کر دیا گیا ہے، اور اب جگر، گردے و بون میرو پیوند کاری کا مہنگا علاج بھی صحت کارڈ پلس میں شامل کر لیا گیا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں حکومت خیبر پختون خوا نے ایک اور فلاحی اقدام اٹھاتے ہوئے صحت کارڈ پلس میں مزید چار پیچیدہ بیماریوں کا مہنگا علاج بھی شامل کر دیا گیا ہے، اور اب جگر، گردے و بون میرو پیوند کاری کا علاج بھی بالکل مفت کیا جائے گا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ آلۂ سماعت کی تنصیب کا علاج بھی صحت کارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، جبکہ دوسری طرف مردان سے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت او پی ڈی کا آغاز بھی جلد کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ پلس کے تحت صوبے بھر کے 10 اعشاریہ 6 ملین خاندانوں کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، 2016 سے اب تک 42 لاکھ سے زائد افراد صحت کی مفت سہولیات سے مستفید ہو چکے ہیں، 108 ارب روپے کی خطیر رقم عوام کی صحت پر خرچ کی جا چکی ہے، جبکہ ملک بھر میں پینل پر موجود 753 ہسپتالوں میں خیبر پختونخوا کے عوام کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
صوبائِی مشیر کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے ٹول فری نمبر 89898-0800 پر 24 گھنٹے رابطہ کیا جا سکتا ہے، بانی پی ٹی آئِی عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، دیگر بیماریوں کا علاج بھی جلد صحت کارڈ میں شامل کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  امریکی صدر کی جانب سے فیلڈ مارشل کو مدعو کرنا سفارتی کامیابی ہے،گورنر فیصل کنڈی