شاہ محمود قریشی ہسپتال سے ڈسچارج

شاہ محمود قریشی ہسپتال سے ڈسچارج، کوٹ لکھپت جیل واپس منتقل

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہسپتال سے ڈسچارج کر کے کوٹ لکھپت جیل واپس منتقل کر دیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کو لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) سے ڈسچارج کر دیا گیا، اور پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں ہسپتال سے دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا۔
سینئر رہنما پی ٹی آئی گزشتہ آٹھ دنوں سے دل کی تکلیف کے باعث پی آئی سی میں زیر علاج تھے۔ دو روز قبل ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم ان کے اہل خانہ اور قانونی ٹیم نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
شاہ محمود کے وکیل رانا مدثر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کا بلڈ پریشر اور ہارٹ ریٹ معمول سے زیادہ تھا، جبکہ کئی اہم ٹیسٹس کی رپورٹس اب تک موصول نہیں ہوئیں۔ اس موقع پر انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب تک تمام میڈیکل رپورٹس دستیاب نہ ہوں، اس وقت تک ڈسچارج کا فیصلہ کیسے کیا جا سکتا ہے؟
رانا مدژر کا کہنا تھا کہ سابق وزیر خارجہ کی حالت مکمل طور پر مستحکم نہیں تھی اور جلد بازی میں ان کی جیل منتقلی ان کی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے، ان کے اہل خانہ نے بھی خدشات ظاہر کیے کہ ان کی صحت سے متعلق خطرات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے اور انہیں قبل از وقت اسپتال سے واپس جیل منتقل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے شاہ محمود قریشی کو چند روز قبل دل کی تکلیف کے باعث کوٹ لکھپت جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں انہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت: بیٹنی گیس فیلڈ کی مین پائپ لائن کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا