ویب ڈیسک: روس یوکرین قیدیوں کے تبادلے کا آغاز ہو گیا ہے، پہلے اقدام کے طور پر 390 فوجی رہا کر دیئَے گئے۔
تفصیلات کے مطابق روس یوکرین قیدیوں کے تبادلے کا آغاز ہوگیا ہے، اس دوران دونوں فریقین نے 390 قیدیوں کورہا کر دیا، رپورٹ کے مطابق یہ تبادلہ استنبول میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے بعد طے پایا جس میں دونوں ممالک نے ایک ہزار قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق کیا تھا تاہم جنگ بندی پر کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوکرینین صدر زیلنسکی نے اس تبادلے کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ ہمارے لوگ آزاد ہیں، ہمارے لوگ گھر واپس آ گئے ہیں، انہوں نے متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس معاہدے کی ثالثی میں مدد فراہم کی۔
واضح رہے کہ یہ تبادلہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں، یوکرین نے 30 دن کی جنگ بندی کی پیشکش کی ہے جبکہ روس نے اپنی شرائط پر ہی جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی ہے جنہیں یوکرین نے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
